شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب تین خوارج کو ہلاک کردیا

میران شاہ:سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب تین خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 نومبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز سے روکا اور خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں تین خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے مسلسل مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ سرحد پر مؤثر انتظامات یقینی بنائے اور اپنی سرزمین کو خوارج کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنے ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں