گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرحدوں کے ساتھ معیشت کی بھی حفاظت کررہے ہیں۔
اسٹاک ایکسچینج میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ معیشت کو علیحدہ رکھ کر سیاست کریں گے تو بہتری نہیں ہوگی۔ معیشت بہتر ہوگی تو سیاست بھی اچھی ہوگی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرحدوں کے ساتھ معیشت کی بھی حفاظت کررہے ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ معیشت سنبھل رہی ہو تو اس وقت کوئی بھونچال نہ لایا جائے۔ معیشت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ سرمایہ کار سیاسی ماحول گرم رہنے اورعدم استحکام سے مایوس اور پریشان ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین اسٹاک ایکس چینج آکر اسے آوون کریں۔ آج اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی سطح کو عبور کیا۔ کہیں سے اچھی خبر تو ملی۔ وزیر اعظم عسکری قیادت اور معاشی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔ اسلام آباد میں گرفتار ہونے والے نوجوانوں کی ضمانت میں معاونت کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام پاکستانی اور اوورسیز پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں اپنا پیسہ پاکستان لائیں۔ اپنا پیسہ واپس لا کر اسٹاک ایکسچینج یا کسی کاروبار میں انویسٹ کریں۔ جب تک اپنا پیسہ اپنے ملک نہیں لائیں گے تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ خوشی اس وقت زیادہ ہوگی جب عوام کے لاکھوں اکاؤنٹس ہوں گے۔ اسٹاک ایکسچینج چند ہاتھوں کے بجائے عوام کے ہاتھ میں ہوگی۔ دوست ممالک اور خلیجی ریاستوں کے کمرشل اتاشی اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کریں.