ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ پاکستان میں 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے دورہ کیا ہے۔ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے جب کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

تحریک انصاف کے احتجاج اور بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے لاشوں سے متعلق پرانی وڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں۔ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی والے سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ کا جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ یہ لوگ غزہ پر اسرائیلی مظالم کی فوٹیج چلا رہے ہیں۔ لاشوں کی جعلی تصاویر چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گاڑیاں اور جوتے چھوڑ کر بھاگے ہیں۔ا نہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور الزامات کے ساتھ اہل کاروں کی فائرنگ کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے جب کہ مظاہرین پر فائرنگ ہوئی نہ کہیں خون دیکھا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اقتدار کی جنگ چل رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں