جی ایچ کیو حملہ؛ عمران خان کی دہشتگردی دفعہ خارج کرنیکی درخواست پر وکلاء سے دلائل طلب

اسلام آباد:جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی دہشت گردی کی دفعہ خارج کرنے کی درخواست پر عدالت نے تین بجے فریقین کے وکلاء کو دلائل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے درخواست پر سماعت کی۔

دوسری جانب، عدالت نے اسی کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی بریت کی درخواست خارج کر دی۔

عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ابھی مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے اس لیے بریت کی درخواست قبل از وقت ہے، ٹرائل اور شھادتیں پیش ہونے کے بعد صورتحال سامنے آئے گی تاہم بادی النظر میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں سنگیں الزامات ہیں۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دو دسمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بری کرنے اور سانحہ 9 مئی کیسز میں دہشت گردی دفعات 7 اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے بریت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ جن تین ملزمان کے مبینہ بیان پر مجھے مقدمے میں ملوث کیا گیا، ان تینوں ملزمان نے اس بیان کی عدالت میں باقاعدہ تردید کرتے ہوئے بیان داخل کر دیا ہے جس سے ان کے خلاف الزام ختم ہوگیا ہے لہٰذا انہیں بری کیا جائے۔

دوسری درخواست میں عمران خان کا موقف تھا کہ سانحہ 9 مئی کیسز میں دہشت گردی دفعات غیر قانونی ہیں انہیں ختم کر کے کیسز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ٹرانسفر کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں