نمیبیا میں پہلی مرتبہ ایک خاتون صدر منتخب

نمیبیا میں پہلی مرتبہ ایک خاتون ملک کی صدر منتخب ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نندی نداتواہ فروری میں صدر ہیگ گینگوب کے انتقال کے بعد سے ملک کی نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔

تاہم اب انھیں 57 فیصد ووٹوں سے ملک کا صدر منتخب کرلیا گیا اس طرح 72 سالہ نندی نداتواہ نمیبیا کی پہلی خاتون صدر بن گئیں۔

نندی نداتواہ ایک منجھی ہوئی سیاست دان ہیں اور حکومتی سطح پر بہت سے اہم عہدوں پر فائز رہی ہیں۔ وہ ڈپٹی وزیرِاعظم اور متعدد محکموں کی وزیر بھی رہ چکی ہیں۔

صدارتی الیکشن میں 25 فیصد ووٹ حاصل کرنے والی اپوزیشن جماعت نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اپوزیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بلاجواز ووٹنگ کے اوقات میں اضافہ کرکے نندی نداتواہ کی جیت کی راہ ہموار کی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ بیلٹ پیپرز کی قلت اور تکنیکی مسائل سمیت پولنگ اسٹیشن پر دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ووٹنگ کے اوقات میں اضافہ کیا گیا تھا۔

تاہم اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو ملکی قانون کے مترادف قرار دیتے ہوئے صدارتی الیکشن کے نتائج کو عدالت میں چیلینج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں