راولپنڈی:انسداد دہشتگری عدالت نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار ہونے والے عمر ایوب، راجہ بشارت سمیت پانچ پی ٹی آئی رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عمر ایوب اور بشارت راجہ کی پشاور ہائی کورٹ کی عبوری ضمانتیں موجود تھیں۔ وکلاء نے عمر ایوب اور بشارت راجہ کی عبوری ضمانت آرڈر عدالت میں پیش کیے۔ احمد چٹھہ، ماجد دانیال اور عظیم کو جیل کے اندر سے رہائی ملی۔
عمر ایوب، راجہ بشارت اور احمد چھٹہ کو انسداد دہشت گری عدالت پیش کیا گیا۔ تینوں رہنماؤں کو اٹک کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں؛ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو اٹک پولیس نے گرفتار کرلیا
عظیم اور ماجد دانیال کو پیش نہیں کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کو تھانہ دھمیال کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اے ٹی سی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
انسداد دہشتگری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک نے کہا کہ کل پی ٹی آئی رہنما جی ایچ کیو کے ٹرائل کے لیے اڈیالہ جیل گئے تھے، یہ ضمانتوں پر تھے پھر بھی ان کو گرفتار کیا گیا، یہ پولیس کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں ان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔
ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک نے کہا کہ ان کو بتایا گیا کہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے، سارا دن ٹرائل بھگتنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا، ہمیں عدالت سے ریلیف ملنے کا امکان کم ہے مگر قانون کے مطابق ہمیں ریلیف ملنا چاہیے.