لاہور:پاکستان ریلوے نے مالی سال 2024-25 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 37.5 ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کر لی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق حالیہ آمدنی گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی آمدنی 32.9 ارب روپے کے مقابلے میں 15 فیصد زائد ہے۔
ریلوے کی آمدنی اور ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ جبکہ آپریشنل اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ ابتدائی 5 ماہ میں ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود فیول اخراجات میں 13.57 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ کا کہنا ہے کہ بہتر ٹرین آپریشن اور مناسب اقدامات کے باعث گزشتہ دو سالوں میں ریلوے کی مسلسل بہتر کارکردگی رہی، گزشتہ سال پاکستان ریلوے کا قائم کردہ آمدنی کا ریکارڈ ان شاء اللہ اس سال مزید بہتر ہوگا۔
سی ای او ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 109 ارب روپے کا حکومتی ہدف بھی پورا کریں گے۔