میلبرن:بھارت کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے اوپنر سیم کونسٹاس سے الجھ پڑے جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
میلبرن میں جاری چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے آغاز پر 19 سالہ آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس نے غیر معمولی بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بولر جسپریت بمرا کی دھلائی کر دی۔
میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر ویرات کوہلی اور سیم کونسٹاس کے آپس میں کندھے ٹکرا گئے جس پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تاہم عثمان خواجہ اور امپائرز نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔
بعدازاں، ری پلے ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 10ویں اوور کی آخری گیند کے بعد کونسٹاس واپس اپنی کریز پر آئے اور پھر دوسری طرف سیدھا چل پڑے جبکہ اسی دوران ویرات کوہلی پچ کی دوسری طرف سے آتے ہوئے کونسٹاس سے ٹکرا گئے۔
دوسرے سیشن میں چینل 7 سے بات کرتے ہوئے سیم کونسٹاس نے کہا کہ شاید ہم دونوں جذباتی ہوگئے تھے، میں اپنے دستانے ٹھیک کر رہا تھا کہ اس دوران کندھے سے معمولی ٹکر لگی جس کا مجھے اندازہ نہیں ہوا تاہم کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔
واضح رہے کی سیم کونسٹاس نے اپنے ڈیبیو میچ میں 65 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ انہوں نے جسمریت بمراہ کی 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز جبکہ محمد سراج کی 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنائے۔