وزیراعظم کا بجلی چوری کیخلاف اقدامات، اووربلنگ کرنیوالے افسران کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد:وزیراعظم نے بجلی چوری کیخلاف اقدامات اور اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں۔ اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔ وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیپرا کے دیے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں