لاہور: پنجاب میں گزشتہ کئی روز سے جاری دُھند آج بھی برقرار رہی جس کی وجہ سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز اور قومی شاہراہ کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق پنجاب کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث لاہور، اسلام آباد، ملتان اور دیگر شہروں کو جانے والی اہم موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
لاہور اسلام آباد موٹروے (ایم 2)، لاہور عبدالحکیم موٹروے (ایم 3)، پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک موٹروے (ایم 4)، اور ملتان سے روہڑی تک موٹروے (ایم 5) کو دھند کی شدت کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہوں پر ٹھوکر، موہلنوال، مانگامنڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، خانیوال اور ملتان میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی صورتحال مشکلات کا شکار ہے۔
اس کے علاوہ، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دھند کے موسم میں موٹرویز کو بند کیا جاتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کم ہوتی ہے اور یہ بہترین سفری اوقات ہیں۔
ڈرائیورز کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑیوں میں آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔