میلبرن:بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں 3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میچ کے 5ویں دن پہلے سیشن کو دیکھنے کے لیے 51 ہزار 371 میدان میں آچکے ہیں جب کہ مزید شائقین کی آمد متوقع ہے۔
اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ 2024 کے ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو اس میچ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا جو سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں آسٹریلیا نے اس گراؤنڈ پر جنوری 1937 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو 6 دنوں تک جاری رہا تھا۔
اس ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کی آمد بالکل غیر معمولی رہی ہے جس کی روزانہ کی تعداد بالترتیب87 ہزار، 85 ہزار، 83 ہزار، 43 ہزار اور 51 ہزار سے زیادہ رہی۔
ایم سی جی میں شائقین کی ریکارڈ تعداد 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ دیکھنے آئی تھی، اس میچ کو 90 ہزار 293 شائقین نے دیکھا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ کو دیکھنے کے لیے 82 ہزار 507 لوگوں نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔