لوئرکرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر زخمی، اسپتال منتقل

پشاور:لوئرکرم میں بگن کے علاقے میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے میں ڈپٹی کمشنر زخمی ہو گئے۔

زرئع کے مطابق لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو زخمی حالت میں تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے علاوہ ایک پولیس اہل کار کے بھی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔

علاوہ ازیں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل علی زئی ضلع کرم میں عرفانی کلی کے قریب سرکاری گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو علیزئی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کے لیے بندوبست کیا جا رہا ہے جب کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کی مذمت
کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے پر گورنر خیبر پخونخوا نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی قافلے پر فائرنگ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی لیے دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی۔

پولیس اہل کار کے گھر پر دستی بم سے حملہ
دوسری جانب پشاور کے علاقے داؤدزئی میں پولیس اہل کار کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ یہ واقعہ گزشتہ رات گئے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق اہل کا رڈی ایس پی وارسک کے ساتھ ڈرائیور ہے۔ دستی بم حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں