حکومت سے مذاکرات : عمران خان نے 28 جنوری کی بیٹھک کے لیے شرط عائد کردی

راولپنڈی:پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق ہم 28 جنوری کے مذاکراتی دور میں اس وقت تک نہیں بیٹھیں گے جب تک مذاکراتی کمیٹی اور عمران خان کی ملاقات نہ ہوجائے۔

اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بانی عمران خان سے تفصیلی بات ہوئی ہے بانی پی ٹی آئی اس چیز سے باخبر ہیں کہ گولی چلی، فسطائیت کا ماحول ہے، ہمارے مطالبات کا مذاق اڑایا گیا، ہم پاکستان کے لوگوں کو بتائیں کہ اس دن کیا ہوا، وہ کہتے ہیں گولی چلی نہیں، ہمارے شہداء ہیں اور زخمی بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پی میں علی امین کی بہت ذمہ داریاں ہیں علی امین کی خواہش پر بانی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنید اکبر پارٹی صدر کے پی ہوں گے جب کہ وزیراعلی کے پی علی امین ہی رہیں گے، مشال یوسف زئی بشری بی بی کی ترجمان ہیں، پارٹی کے اپنے عہدے ہیں، بشری بی بی کو کوآرڈی نیشن کی ضرورت ہے، پارٹی کا کام پارٹی کے عہدیدار کریں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عالیہ حمزہ ہماری بڑی متحرک کارکن ہیں ان کا بڑا کردار ہے بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں عالیہ حمزہ کو پنجاب میں بڑا عہدہ دیا جائے ہم بیٹھیں گے اور پنجاب میں عالیہ حمزہ کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کے معاملے سے میرا براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے وہ پارٹی کی سطح پر معاملہ ہوگا، عاطف خان ہمارے ایم این اے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہم 28 جنوری کے مذاکراتی دور میں اس وقت تک نہیں بیٹھیں گے جب تک مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں