لاہور:اغوا کی جھوٹی کال کرنے والا شخص گرفتار جب کہ اسے چھڑوانے کے لیے آیا جعلی ایس ایچ او بھی دھرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق غالب مارکیٹ سے پولیس کو تاجر کے اغوا کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر جاوید نامی شہری نے بتایا کہ میرے بھائی کو 4 سے 5 مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔
کال موصول ہونے کے بعد پولیس کے پہنچنے پر کالر جاوید کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر پولیس جھوٹے کالر کو تھانے لے آئی ۔ اسی دوران کالر کو چھڑوانے کے لیے مزمل نامی شخص تھانے آگیا، جس نے اپنا تعارف ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے لاہور کے طور پر کروایا۔
پولیس کی جانب سے تصدیق کیے جانے پر ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے بھی جعلی نکلا۔
بعد ازاں جھوٹے کالر جاوید اور جعلی ایس ایچ او کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جعلی ایس ایچ او ایف آئی اے نے پولیس کو اعترافی بیان بھی دیا ہے۔