مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں ڈھائی کروڑ زائرین اور نمازیوں کی آمد ہوئی۔
سعودی عرب کی حرمین شریفین اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رمضان المبارک کے ابتدائی 10 روز میں مسجد الحرام میں آنے والے زائرین اور نمازیوں کی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ پہلے عشرے کے دوران تقریبا 55 لاکھ زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔
حرمین جنرل اتھارٹی کے مطابق زائرین کی مدد اور رہنمائی کے لیے 11 ہزار سے زائد ملازمین مسجد الحرام کے صحن اور گزرگاہوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔ کارکنوں کو سپروائز کرنے والوں کی تعداد 350 ہے۔ لاکھوں زائرین کو آب زم زم کی فراہمی کے لیے 20 ہزار ڈسپینسرز نصب کیے گئے ہیں۔
مسجد الحرام میں دنیا کے بڑے کولنگ سسٹمز میں سے ایک نصب ہےجس کی گنجائش ایک لاکھ 55 ہزارٹن ہے۔ دوسری جانب رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد نبویﷺ میں نمازیوں کی تعداد ایک کروڑ ریکارڈ کی گئی۔