لاہور:بنگلادیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے بقیہ میچز کیلیے لاہور قلندرز کو جوائن کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن، ڈیرل مچل کے متبادل کے طور پر لاہور قلندرز میں شامل ہوئے اور انہوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن 10 کا شیڈول متاثر ہوا اور میچز پاکستان سے باہر کروانے پر غور کیا گیا تھا تاہم دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد میچز کو دوبارہ لاہور اور پنڈی میں شیڈول کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کی فرنچائزز میں شامل غیر ملکی کھلاڑی بھی فائنل سمیت پی ایس ایل کے بقیہ میچز کھیلنے کیلیے پاکستان آنے کیلیے تیار ہیں جبکہ چند ایک نے اپنے شیڈول کیوجہ سے ٹیم سے معذرت کی ہے۔
لاہور قلندرز کے مطابق ڈیرل مچل چار مئی کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ہاتھ کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ مزید میچز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
شکیب الحسن نے فرنچائز میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل کا 10واں سیزن کھیلنے کیلیے پرجوش ہوں، ہماری ٹیم اب ایسی صورت میں ہے جس کیلیے ہر میچ اہم ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہے اور میں ہمیشہ پی ایس ایل سے محظوظ ہوتا ہوں۔
پوائنٹس ٹیبل
پی ایس ایل سیزن 10 کے اب تک کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 میچز میں سے 6 جیت پر 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جس نے 8 میچز کھیلے اور اُسے 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، پشاور زلمی 8 اور ملتان سلطانز صرف ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چٹھے نمبر پر ہے۔