لوئر دیر:دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں جنگلات کو لگی آگ نے خطرناک صورت اختیار کر لی۔
آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث بلند شعلے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گھنے جنگلات اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ آگ نے اب تک کئی کلومیٹر کے علاقے کو متاثر کیا ہے، جس سے ماحولیاتی نظام کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
ریسکیو ادارے، محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، سول ڈیفنس اور مقامی رضاکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور شدید گرمی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پہاڑوں میں آگ لگنے کے 20 سے زائد واقعات رونما ہو چکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔