سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 جون کو بلوچستان میں دو مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے سات دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلی کارروائی ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں کی گئی، دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، کارروائی کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہند کے 5 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع قلات کے علاقے مرگند میں کی گئی، جہاں فتنہ الہند کے ایک خفیہ ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس آپریشن میں دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ دہشتگرد ملک میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم اس عزم کی بھرپور حمایت کرتی ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر، وزیرِ اعظم، وزیر داخلہ کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، بھارتی سرپرستی میں بلوچستان میں دھشتگردی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں بیرونی پشت پناہی سے بلوچستان میں بدامنی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کر کے بلوچستان میں امن کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔