کراچی ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں شہری پر تشدد کرنے والے بااثر شخص کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈیفنس اتحاد کمرشل میں نوجوان شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو ڈیفنس اتحاد کمرشل میں نوجوان شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں پولیس نے گرفتار ملزمان کو پیش کیا۔ ملزمان میں سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی شامل ہیں۔
پولیس نے واقعے کی ابتدائی اطلاعی رپورٹ جمع کرادی۔ مقدمہ عینی شاہد محمد سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی موبائل کمپنی میں سیلز مینیجر ہے اور اتحاد کمرشل پر ریکوری کرنے گیا ہوا تھا۔ ایک موٹر سائیکل سوار جس کا معمولی ایکسیڈنٹ ہوا، اس کے ساتھ خاتون بھی موجود تھی۔
کار سوار سلمان فاروقی نے موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ سلمان فاروقی نے اپنے سیکورٹی گارڈ کے ہمراہ اسلحے کے زور پر نوجوان کو گاڑی میں محصور کیا۔ نوجوان کو زدوکوب کیا گیا اور گالم گلوچ کی اور دھمکیاں دی گئیں۔
موٹر سائیکل سوار کے ساتھ لیڈیز نے گاڑی کے مالک کو ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کیں۔ گاڑی کے مالک نے لیڈیز کو دھکا دے کر دھتکار دیا۔ اس معاملے کو مدعی نے اور کافی لوگوں نے دیکھا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی۔
عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کون وکیل ہے آپ کا، ملزم نے جواب دیا کہ نعیم قریشی کو بلایا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نعیم قریشی کو بلایا جائے۔ ملزم سلمان فاروقی کے وکیل نعیم قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم سلمان فاروقی کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کردی گئی۔ درخواست ملزم کے وکیل نعیم قریشی نے دائر کی۔
نعیم قریشی نے موقف دیا کہ ملزم کیخلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ جو کہ قابل ضمانت ہے۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ وکیل صفائی نعیم قریشی نے کہا کہ ملزم کو ایک دن کے لئے جسمانی ریمانڈ دے دیں۔
عدالت نے 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ملزمان کو پولیس کے حوالے کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مقدمہ کی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
ملزمان کو عدالت سے باہر لیجانے کے دوران وکلاء کی جانب سے ملزمان کو مارو مارو کے نعرے، پولیس اہلکاروں نے ملزمان کی دوڑیں لگوادیں۔ پولیس اہلکار ملزمان کو دوڑاتے ہوئے عدالت سے باہر لے گئے.