ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں جگہ بنالی

کراچی:32 ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں جگہ بنالی، ان فتوحات کے ساتھ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے ایک گولڈ اور 3 سلور سمیت 5 میڈلز یقینی ہوگئے۔

جاری ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ کے مختلف ایونٹس میں شریک 5 میں سے 3 قومی جونیئر کھلاڑی سیمی فائنل میں کامیابی سے ہمکنار ہوگئے۔

بوائز انڈر 19 ایونٹ میں سیڈ3 عبداللہ نواز کوریا کے ٹاپ سیڈ جوئے یونگ نا کے ہاتھوں 3-1 سے مات کھا بیٹھے۔ عبداللہ نواز نے پہلا گیم 7-12 سے جیتا لیکن ان کے حریف نے دوسرا گیم 10-12 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کر دیا اور پھر تیسرا گیم 2-11 اور چوتھا گیم 4-11 سے اپنے نام کرکے فائنل میں جگہ بنالی، عبداللہ نواز کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

بوائز انڈر 15 ایونٹ کا فائنل دونوں پاکستانیوں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹاپ سیڈ نعمان خان نے بھارتی کھلاڑی آریان کو آسان مقابلے کے بعد 0-3 سے مات دے دی۔ نعمان خان نے پہلا گیم 5-11، دوسرا گیم 1-11 اور تیسرا گیم 5-11 سے جیتا۔

اسی ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں دوسرے پاکستانی کھلاڑی احمد ریحان خلیل نے ہانگ کانگ کے یوم ٹی ایل کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے زیر کر لیا۔ احمد ریان خلیل نے پہلا گیم 8-11، دوسرا گیم 1-11 اور تیسرا گیم 1-11 سے جیت فائنل میں قدم رکھا۔ اس طرح اس ایونٹ میں پاکستان کا گولڈ اور سلور میڈل یقینی ہوگیا۔

بوائز انڈر 13 ایونٹ کے ٹاپ سیڈ سہیل عرفان نے بھارت کے اماریہ کو کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے زیر کرلیا۔ سہیل عرفان نے پہلا گیم 5-11، دوسرا گیم 1-11 اور تیسرا گیم 2-11 سے جیتا، فائنل میں سہیل عدنان کا مقابلہ بھارت کے ایان دھانو سے ہوگا۔

گرلز انڈر 13 کی سیڈ 9ماہ نور علی نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کی نمبر ون کھلاڑی مسیرہ کو 0-3 سے شکست دے دی۔ ماہ نور علی نے پہلا گیم 8-11، دوسرا گیم 5-11 اور تیسرا گیم 7-11 سے جیت کر سلور میڈل یقینی بنا لیا۔

قبل ازیں، کوارٹر فائنل میں سحرش علی، پری کوارٹر فائنل بوائز انڈر 19 ایونٹ میں انس علی شاہ، بوائز انڈر 17 میں محمد عمیر عارف اور گرلز انڈر17 میں مہوش علی ناکام رہی تھیں

پہلے راؤنڈ میں 11 میں سے 9 پاکستانی کھلاڑی فاتح رہے، یحییٰ خان بوائز انڈر 17 اور محمد مصطفی خان بوائز انڈر 13 کے پہلے راؤنڈ میں ہی ناکامی سے دوچار ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں