کراچی:دورہ آئر لینڈ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ منگل سے شروع ہوگیا۔
کیمپ کے لیے 24 ممکنہ کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے، ہیڈ کوچ محمد وسیم کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں، کیمپ میں شرکا کو روزآنہ دو سیشنز میں تربیت دی جائے گی۔
کیمپ کے ابتدائی روز صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونے والے تین گھنٹے کے سیشن کا آغاز جسمانی ورزشوں سے ہوا، فیلڈنگ پریکٹس کے بعد نیٹ سیشن منعقد ہوا۔
کیمپ کا دوسرا سیشن روزانہ سہ پہر ساڑھے تین سے شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گا، کیمپ کے دوران 15 رکنی قومی اسکواڈ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
بعد ازاں 28 جولائی سے شروع ہوکر 2 اگست تک جاری رہنے والے حتمی تربیتی کیمپ میں ویمن کرکٹرز کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ ٹریننگ دی جائے گی۔
شیڈول کے تحت پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے میچز کلون ٹرف میں کھیلے جائیں گے۔
کیمپ میں طلب کی جانے والی 24 ویمن کرکٹرز میں منیبہ علی، سدرا امین، صدف شمس، عالیہ ریاض، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ ، شوال ذوالفقار، نتالیہ پرویز، سدرہ نواز، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، فاطمہ ثنا خان، سیدہ عروب شاہ، طوبیٰ حسن، سدرہ اقبال، نشرح سندھو، ڈائنا بیگ، وحیدہ اختر، نہیا شرمین، سائرہ جبیں، ام ہانی، ہما بلال اور زیب النساء شامل ہیں۔
دریں اثنا پی سی بی کی جانب سے میڈیا کو تربیتی کیمپ کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔