اداکار و میزبان عمران اشرف نے دوسری شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی

معروف پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے دوسری شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی۔

عمران اشرف نے حال ہی میں اپنے پروگرام کے دوران مداح کی جانب سے پوچھے گئے دوسری شادی کے سوال پر ردعمل دلچسپ دیا۔ ایک خاتون مداح نے ان سے پوچھا، “آپ دوبارہ شادی کب کر رہے ہیں؟ ہم آپ کو دوبارہ خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔”

اس سوال پر مسکراتے ہوئے عمران نے جواب دیا، “کیا میں آپ کو خوش نظر نہیں آ رہا؟” خاتون نے مزید کہا کہ وہ ان کی زندگی کے اُس پہلو کی بات کر رہی ہیں جو وہ سب سے چھپاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر ہنسانے والے لوگ اندر سے اُداس ہوتے ہیں۔
عمران اشرف نے جواب دیا، “پھر آپ ہی میرے لیے کوئی ڈھونڈ دیں۔” ساتھ ہی انہوں نے کہا “جو اللہ نے میرے نصیب میں لکھی ہے، وہی میری زندگی میں آئے گی۔ لیکن مجھ سے زیادہ میرے بیٹے کے لیے دعا کریں۔”

یاد رہے کہ عمران اشرف نے 2018 میں ماڈل کرن اشفاق سے شادی کی تھی اور 2020 میں ان کے بیٹے روحام کی پیدائش ہوئی۔ تاہم 2022 میں ان کی طلاق ہوگئی لیکن دونوں مشترکہ طور پر اپنے بیٹے کی پرورش کر رہے ہیں۔

کرن اشفاق دوسری شادی کر چکی ہیں جس سے ان کی حال ہی میں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے تاہم عمران اشرف سنگل ہیں اور اپنے بیٹے کی دیکھ بھال خود کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں