اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر زرداری کے استعفے اور آرمی چیف کے صدارتی منصب سنبھالنے کی خبروں کو مسترد کردیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کو نشانہ بنانے والی مہم کے پیچھےکون ہے ہم جانتے ہیں، یہ بھی جانتے ہیں ایسا کیوں کیا جارہا ہے اور اس کا فائدہ کسے پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ نہ تو صدر کے استعفے کی کوئی بات ہوئی اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے، نہ ایسی کوئی بات ہےکہ آرمی چیف صدارت کا منصب سنبھالنے کے خواہشمند ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کا فوجی قیادت کے ساتھ مضبوط اور باوقار تعلق ہے جب کہ آرمی چیف کی واحد توجہ پاکستان کی قوت اور استحکام پر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزیدکہا کہ اس بیانیے میں شامل افرادکوپیغام ہے کہ دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کرجوکرنا ہےکرلو، ہم وہ سب کریں گے جو پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے۔