وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔
ملک کے معروف انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ صدر آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وہ خود، تینوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
وزیرا عظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔