پاکستان اور آذربائیجان کے مابین قانونہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے باکو کا سرکاری دورہ کیا اور آذربائیجان کے وزیراعظم علی ہیدیات اوغلو اسدوف سے ملاقات کی۔
علاوہ ازیں وزیرِ انصاف فرید طوراب اوغلو احمدوف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ انعام اعتماد اوغلو کریموف سے بھی وزیر قانون نے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے باکو میں آذر بائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اہم ملاقاتوں میں قانونی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور تنازعات کے متبادل حل کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کی وزارتِ قانون و انصاف کے درمیان تعاون کے مفاہمتی معاہدے (Memorandum of Cooperation) پر دستخط تھے کیے گئے۔
معاہدے میں قانونی شعبوں میں مشترکہ کوششوں، ادارہ جاتی صلاحیت سازی اور تجربات کے تبادلے کے لیے جامع فریم ورک وضع کیا گیا۔ فریقین نے قانون و انصاف کے شعبے میں مضبوط اور دیرپا اشتراکِ عمل کا عزم دہرایا۔
یہ دورہ پاکستان کے بینالاقوامی قانونی شراکتوں کے فروغ اور ملکی قانونی ڈھانچے کی جدید کاری کی حکمت عملی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔