کراچی:کورنگی نمبر چار کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کرلیا گیا۔
ایدھی حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ملزم کی شناخت علی ولد ندیم کے نام سے ہوئی جبکہ گرفتار ملزم کا نام ریحان ولد فہیم بتایا گیا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں کورنگی چار سیکٹر 50 اے میں دونوں ملزمان شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا اور دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل تحویل میں لے لی گئی۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ہلاک ملزم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔