ایران: قم کے رہائشی علاقے میں دھماکا، 7 افراد زخمی

ایران کے شہر قم کے رہائشی علاقے پردیسان میں ایک رہائشی عمارت میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی فارس نیوز کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں دھماکے کی وجہ گیس لیک بتائی گئی ہے۔

قم کے فائر بریگیڈ کے سربراہ نے فارس نیوز کو بتایا کہ: “دھماکے میں چار رہائشی یونٹس کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی جائزے کے مطابق یہ واقعہ گیس لیک کی وجہ سے پیش آیا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔”

انہوں نے مزید واضح کیا کہ عمارت میں عام شہری رہائش پذیر تھے اور یہ دھماکہ کسی اسرائیلی حملے کا نتیجہ نہیں تھا۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ ماہ 12 روزہ جنگ کے بعد ملک میں کئی دھماکے ہو چکے ہیں، مگر حکام نے ان دھماکوں کی ذمے داری اسرائیل پر عائد نہیں کی۔

ایک اعلیٰ ایرانی ذرائع کے مطابق: “لوگ افواہوں سے پریشان نہ ہوں۔ اگر ملک میں کسی دشمن کی جانب سے حملہ ہوتا ہے تو یہ خبر فوری طور پر عوام تک پہنچے گی، اور مقبوضہ علاقوں میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بج جائیں گی۔”

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں یہ واقعہ خاص توجہ کا مرکز بنا، لیکن حکام نے اسے حادثاتی نوعیت کا واقعہ قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں