ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ؛ پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

کراچی:پاکستان نے انڈونیشیا کو 0-3 سے شکست دے کر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

انڈونیشیا کے خلاف فتح کے بعد پاکستان نے اگلی عالمی جونیئر والی بال چیمپیئن شپ میں کھیلنے کا بھی حق حاصل کر لیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ میں جاری چیمپیئن شپ کے کوارٹر لیگ کے پہلے میچ میں بدھ کو پاکستان نے کوئی سیٹ ہارے بغیر انڈونیشیا کو 0-3 سے مات دے کر فائنل فور میں رسائی پا لی۔

پاکستان جمعرات کو دوسرے میچ میں ایران سے رسمی مقابلہ کرے گا، پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم ہے۔

قبل ازیں، چیمپیئن شپ میں پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے گروپ ڈی میں کوریا اور سعودی عرب کو شکست دینے کے بعد چائینیز تائپے کو بھی مات دی تھی۔

پاکستان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے گروپ چیمپیئن کی حیثیت سے کوارٹر لیگ میں جگہ بنائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں