ڈی آئی خان؛ فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید

ڈی آئی خان:ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں یادگاری چوکی کے قریب فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے دہشت گردوں کی پولیس کے گھیرے سے بھاگنے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔

پولیس کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف مع ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی و ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام ہے، شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ کے پی پولیس کے جری جوانوں پر فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں