راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز کے آواران میں خفیہ آپریشن کے دوران تین بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے اس دوران فائرنگ سے میجر سید رب نواز شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر 16 جولائی کو ضلع آواران میں دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران پاکستانی دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آپریشن کے نتیجے میں تین بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد واصلِ جہنم ہو گئے تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید ربنواز طارق دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید میجر اپنے دستے کی قیادت فرنٹ لائن سے کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
وزیراعظم کا شہید میجر کو خراج عقیدت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آواران میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سید رب نواز طارق کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔
مزید پڑھیں : قلات میں مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے آواران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر سید رب نواز طارق کی بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میجر سید رب نواز طارق نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے قیمتی جان وطن پر نچھاور کی۔ انہوں نے جرات کے ساتھ فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے شہید میجر سید رب نواز طارق کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے شہادت کا بلند ترین رتبہ پایا ہے اور اُن کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اورپوری قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔