چکوال: کلاؤڈ برسٹ کے باعث 10 گھنٹوں میں 400 ملی میٹر بارش، سیلابی صورتحال کے بعد ایمرجنسی نافذ

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ چکوال میں کلاؤڈ برسٹنگ کے باعث طوفانی بارش جاری ہے، چکوال میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جب کہ سیلابی علاقوں میں میں پھنسے ہوئے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ چکوال میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا سامنا ہے، گزشتہ 10 گھنٹوں کے دوران چکوال میں تقریباً 400 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے اہکار ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا ریسکیو و ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پاک فوج سے بھی رابطے میں ہے، شہریوں کے باحفاظت انخلاء تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر چکوال سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ڈی سی چکوال نے بارش کے باعث صورتحال نکاسی آب اور امداد سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

۔ڈی سی چکوال نے کہا کہ واسا ریسکیو سمیت دیگر تمام متعلقہ محکمے اور افسران فیلڈ میں موجود ہیں، ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں اور دیگر پبلک عمارتوں میں امداد سرگرمیوں کے انتظامات مکمل ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو و ریلیف میں تمام تر وسائل و معاونت فراہم کی جائے گی، مقامی سطح پر شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔

چکوال میں بادل پھٹنے سے شدید بارش کے سبب جہلم میں سیلابی صورتحال کے ھوالے سے وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی نگرانی میں جہلم میں بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن گزشتہ چوبیس گھنٹے سے تیزی سے جاری ہے۔

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے جمعرات کی صبح ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، ڈپٹی کمشنر جہلم نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر تازہ ترین صورتحال سے وزیر مملکت خزانہ کو آگاہ کیا۔

جمعرات کی صبح جہلم سے 35 کلومیٹر دور ڈھوک مرجان میں انتظامیہ نے پاک فوج کی مدد سے پانی میں گھرے 29 لوگوں کو ریسکیو کر لیا، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو خراج تحسین کیا۔

سیلابی ریلے میں گھرے عوام کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، چکوال میں بادل پھٹنے سے 424 ملی میٹر بارش ہوئی، کلاؤڈ برسٹ سے پانی کے تیز بہاؤ نے کشتیوں کا استعمال ناممکن بنا دیا، فوج نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے عوام کو بچایا۔

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم میں متاثرہ عوام کی مدد کے لئے ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے، کیمپس میں رہائش کے علاوہ کھانا، پانی اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے، وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب بھر میں عوام کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں۔

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم میں 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی لیکن صورتحال میں زیادہ خرابی کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ہوئی، پانی اترنے پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا..

اپنا تبصرہ بھیجیں