لیاری میں ایک اور رہائشی عمارت کی دو منزلوں کی چھتیں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 3 زخمی

کراچی:
لیاری کھڈا مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی چھٹی اور پانچویں منزل کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں۔
زرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور پولیس فوراً پہنچ گئے اور جائے وقوع سے لوگوں کو ہٹاکر امدادی کام شروع کردیا۔

امدادی ادارے ایدھی کے مطابق رہائشی عمارت کی چھٹی منزل پانچویں اور پانچویں منزل چھٹی پر گری ہے، واقعے میں دو خواتین جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں جبکہ تین خواتین زخمی ہیں، جاں بحق ایک خاتون کی شناخت 45 سالہ حرمت رفیق کے نام سے ہوئی جبکہ دوسری کی شناخت کا عمل جاری ہے، زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ ،18 سالہ حاجرہ اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق بلال مسجد پشاوری ہوٹل کے ساتھ غنی مینشن کی چھ منزلہ بلڈنگ کا 6 فلور پانچویں منزل پر گرا، پولیس موقع پر موجود ہے اور امدادی کام جاری ہے، دو خواتین کی لاشوں اور تین زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق خواتین آپس میں بہنیں ہیں، زخمیوں میں ان کی بچیاں شامل ہیں جن کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

وزیر بلدیات کا نوٹس، امدادی کارروائی اور حادثے کی رپورٹ پیش کرنے ہدایت

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور دیگر کو حادثہ کی جگہ پہنچ کر ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات دے دی۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے اس حادثے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ سعید غنی نے کہا کہ حادثہ جس عمارت میں ہوا ہے اس کی پوری رپورٹ پیش کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں