پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ و میزبان مشی خان نے مرحوم ساتھی اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین کے انٹرویو پر ردعمل دے دیا۔
مشی خان نے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں مرحومہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے والدین کے انٹرویو پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرویو کے دوران والدین کا رویہ غیر سنجیدہ اور مایوس کن محسوس تھا۔
مشی خان کے مطابق پولیس کو تحقیقات میں دشواری کا سامنا ہے کیونکہ حمیرا کی فیملی تعاون نہیں کر رہی، حالانکہ حمیرا کی موت کی اصل وجوہات جاننا ضروری ہے تاہم ان کی فیملی اس بات کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
انہوں نے انٹرویو کرنے والے میزبان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ میزبان نے حمیرا کے والدین کو مؤثر انداز میں بات کرنے کا موقع نہیں دیا۔
مشی خان نے والدین کے اس مؤقف پر بھی سوال اٹھایا کہ اگر انہیں بیٹی کے شوبز میں کام کرنے پر اعتراض نہیں تھا تو وہ دس ماہ تک بیٹی کی خیریت کیوں نہیں پوچھ رہے تھے اور ان کی بیٹی نے اتنے ماہ تک ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا تو انہوں نے اسے ڈھونڈنے کی کوشش کیوں نہیں کی۔
مشی نے کہا کہ اگر والدین کو حمیرا کے گھر کا پتہ معلوم نہیں تھا تو پولیس سے بھی رابطہ کر سکتے تھے، لیکن شاید بدنامی کے خوف سے وہ خاموش رہے مگر بدنامی تو اب حمیرا کے جانے کے بعد بھی ہورہی ہے۔ مشی خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا کے والدین کو بیٹی کیلئے ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے تھا۔
واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ملی جبکہ پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی تھی۔ ان کی لاش ڈی کمپوز ہونے کے آخری مراحل میں تھی تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔