معروف اداکارہ و میزبان کرن خان نے پہلی مرتبہ اپنی طلاق سے متعلق انکشاف کردیا۔
میزبانی کیلئے مشہور کرن خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں پہلی بار اپنی طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے بلکہ طلاق کے بعد بچوں پر پڑنے والے اثرات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کرن خان نے کہا کہ اُن کی پہلی شادی ختم ضرور ہوئی لیکن اس کی کوئی منفی وجہ نہیں تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے سابق شوہر کے بارے میں کوئی الزام تراشی یا منفی بات نہیں کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’میرا سابق شوہر ایک اچھا انسان تھا، لیکن کبھی کبھی دو اچھے لوگ بھی ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ اُن دونوں کی شخصیات مختلف تھیں، مگر علیحدگی کے عمل کو دونوں نے اچھی طرح سے سنبھالا۔ کرن خان نے اپنے سابق شوہر اور ان کے اہل خانہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو دونوں طرف سے محبت اور مثبت ماحول ملا، جس کی وجہ سے اُس کی پرورش پُرسکون طریقے سے ہوئی۔
اداکارہ کرن خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اور ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔