لاس اینجلس کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں زور دار دھماکا، ہلاکتیں

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں واقع پولیس ٹریننگ سینٹر میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے بیسکالوز (Biscailuz) ٹریننگ سینٹر میں پیش آنے والے اس واقعے کی تصدیق امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر کی۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک ہولناک واقعہ معلوم ہوتا ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے کم از کم تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

مقامی اخبار “ایل اے ٹائمز” کے مطابق ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکا اُس وقت ہوا جب ٹریننگ سینٹر کے بم اسکواڈ کے اہلکار دھماکہ خیز مواد منتقل کر رہے تھے۔

دھماکے کے بعد متاثرہ علاقے کو سِیل کر دیا گیا جبکہ مقامی اور وفاقی ایجنسیاں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت اور اس کے اسباب جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں