حکومت سے مذاکرات کامیاب، تاجروں نے ملک گیر ہڑتال ملتوی کردی

اسلام آباد:حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تاجر برادری نے ہفتے کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ملتوی کردی، تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات مان لئے، ایف بی آر کو ملے اختیارات فی الحال استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

یہ بات مذاکرات کے بعد ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دیگر تاجر تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی پورے پاکستان کی ٹریڈ باڈیز ہمارے ساتھ ہیں، فیڈریشن کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہتی، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ فنانس ایکٹ کی مختلف ترامیم پر ہمارے تحفظات تھے، حکومت نے فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 37 اے پر نظر ثانی کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے اس معاملے پر چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے اور فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 40 بی پر بھی نظر ثانی کا اعلان کیا گیا ہے۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان تجاویز کی حتمی منظوری دیں گے، لہٰذا پورے پاکستان میں ہڑتال کا اعلان نہیں ہوگا، ممکن ہے شاید ایک دو جگہوں پر ہڑتال ہو۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ گوجرانولہ اور کوئٹہ چیمبر کے نمائندے اجلاس میں شریک تھے، ان کے علاوہ کراچی ، لاہور اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے، ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی کیونکہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پائی جانے والی چپقلش ختم ہوچکی ہے۔

صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ پہلی بار فیڈریشن اور انجمن تاجران ایک ساتھ کھڑے ہیں، ابھی ملک گیر ہڑتال کی ضرورت نہیں ہے، تاجر برادری کے مسائل مشترکہ ہیں ہارون اختر نے چار نکات پر مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت کے ساتھ چار گھنٹے مذاکرات کیے ہیں، وزیر اعظم نے ہارون اختر کو مسائل کرنے کا اختیار دیا ہے۔

صدر انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مسائل حل ہوجائیں گے، اگر مسائل حل نہ ہوئے تو دوبارہ ہڑتال کی کال دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں