پشاور:پشاور، پنجاب: خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
زرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوگیا تھا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ 11 بجے شروع ہوئی جو سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔
کے پی کے اسمبلی میں ارکان کی آمد اور پولنگ کے وقت پولیس کی بھاری نفری تعینات کئی ہے جب کہ میڈیا کی کوریج پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پولنگ سے قبل اپوزیشن لیڈر، وزیراعلیٰ ، امیدوار اور دیگر ارکان اسمبلی پہنچے۔
اُدھر پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے پولنگ جاری ہے، جہاں مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے،اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب میں پریزائڈنگ آفیسر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات تک پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن رانا محمد ارشد اور پیر اشرف رسول نے ووٹ کاسٹ کردیا، اپوزیشن رکن آشفہ ریاض فتیانہ ، علی امتیاز وڑائچ اور رانا شہبازنے پنجاب اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کردیا۔
پنجاب اسمبلی میں 369 میں سے 130 ووٹ کاسٹ ہو چکے ہیں۔
کے پی میں 11 نشستوں پر 25 امیدوار
خیبر پختونخوا میں الیکشن کمیشن کی فہرست کے مطابق 11 نشستوں کے لیے 25 امیدوار ہیں ۔ یعنی 7 جنرل نشستوں کے لیے 16،ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 5 اور خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 4 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کی فہرست میں سے بیشتر امیدوار دستبردار ہوچکے ہیں ۔ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان بلامقابلہ فارمولے کے تحت 6 اور 5 نشستیں اپوزیشن کے کوٹے میں آئیں گی۔ جنرل نشستوں پر حکومت کے مراد سعید ، فیصل جاوید ، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری امیدوار ہیں جب کہ اپوزیشن کی جانب سے جنرل نشستوں پر جے یو آئی کے مولانا عطا الحق درویش ، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور نواز لیگ کے نیاز احمد امیدوار ہیں ۔
پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے، تاہم فہرست میں دستبردار ہونے والے ناراض امیدوار عرفان سلیم، وقاص اورکزئی کا نام شامل ہے ۔
خواتین کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد ، پی ٹی آئی کی روبینہ ناز اور مہوش علی میدان میں ہیں ۔ امیدواروں کی فہرست میں پی ٹی آئی کی ناراض امیدوار عائشہ بانو کا نام بھی شامل ہے۔
ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 5 امیدوار فہرست میں شامل ہیں، جن میں پی ٹی آئی کے اعظم سواتی، جے یو آئی کے دلاور خان شامل ہیں جب کہ ناراض امیدوار سید ارشاد حسین ، خالد مسعود اور وقار احمد قاضی کا نام بھی شامل ہے۔
مقررہ وقت کے بعد دستبردار ہونے والوں کے نام بیلٹ پیپر میں شائع
دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ مقررہ وقت پر کاغذات نامزدگی واپس لینے والوں کے نام بیلٹ پیپر میں شامل نہیں ہوں گے۔ اتوار دن 12 بجے کے بعد دستبردار ہونے والے امیدواروں کے نام بیلٹ پیپر میں شائع ہوگئے ہیں۔جو امیدوار کل 12 بجے کے بعد ریٹائر ہوئے ہیں، ان کے نام کے آگے ریٹائرڈ کی سٹپمپ لگائی جائے گی۔