انڈونیشیا کے ساحلی علاقے سولاویسی کے قریب ایک مسافر بردار کشتی میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 500 سے زائد افراد کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا۔
انڈونیشیا کی بحری سیکیورٹی ایجنسی (باکاملا) کے مطابق، یہ حادثہ KM Barcelona 5 نامی فیری کو پیش آیا جو شمالی سولاویسی کے دارالحکومت ماناڈو کی جانب جا رہی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ: “پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے دو کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی‘‘۔
آگ فیری کے پچھلے حصے (stern) میں لگی، جس کے بعد کئی مسافروں نے لائف جیکٹ پہن کر سمندر میں چھلانگ لگا دی تاکہ جان بچائی جا سکے۔
قریبی ماہی گیروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے متاثرہ افراد کو قریبی جزیروں پر منتقل کیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی طبی مراکز میں منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ لیکوپنگ کے مشہور تفریحی مقام سے ایک گھنٹے کی مسافت پر پیش آیا۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل بالی کے قریب ایک اور فیری ڈوبنے سے 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔