لاہور:ریلویز پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان پاکستان ریلویز پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر محمد اکرام نے 2 خواتین کو شک کی بنیاد پر روکا، جس کے بعد ان کے سامان کی تلاشی لیڈی پولیس اہلکار نے لی اور چیکنگ کے دوران خواتین کے ہینڈ بیگز سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔
ملزمہ ثمرین کے بیگ سے 5.5 کلو اور ثوبیہ کے بیگ سے 4.4 کلوگرام چرس نکلی۔ دونوں خواتین کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ یہ منشیات بنوں سے بذریعہ بس لاہور لائی تھیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں خواتین چرس کو علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے کراچی اسمگل کرنے کا منصوبہ رکھتی تھیں، تاہم ریلویز پولیس کی مستعدی نے ان کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
گرفتاری کے بعد دونوں خواتین کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس لاہور میں 2 علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ رجمان کے مطابق ڈی آئی جی نارتھ نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنانے پر پوری ٹیم کو شاباش دی ہے۔