میرے بیٹے احتجاج کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے، عمران خان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ان کے بیٹے احتجاج کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیٹوں کی جانب سے والد کی رہائی کے لیے احتجاج کی غرض سے پاکستان آنے کی خبریں سامنے آرہی تھیں تاہم آج ذرائع نے عمران خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے۔

اطلاعات کے مطابق آج اڈیالہ جیل میں مقدمات کی سماعت تھی جس میں عمران خان اور ان کے دو وکلا بھی موجود تھے عمران خان سے پوچھا گیا کہ آپ کے بیٹے امریکا سے واپس جاچکے ہیں اور پانچ تاریخ آپ کی تحریک کی تاریخ ہے کیا احتجاج میں آپ کے بیٹے شرکت کریں گے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ نہیں وہ احتجاج کے لیے نہیں آئیں گے۔

پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کئی بات واضح طور پر کہا تھا کہ دونوں بیٹے احتجاج کے لیے پاکستان آئیں گے تاہم آج احتجاج والی بات عمران خان نے خود ختم کردی لیکن اگر وہ والد سے ملنے کے لیے آئیں گے تو ایک الگ بات ہے اور عدالت انہیں ضرور ملنے دے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے بانی پارٹی عمران خان کی جانب سے اپنے دونوں بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے اور اپنی رہائی کیلئے کسی سرگرمی میں حصہ لینے سے روکنے کی خبروں کی تردید کردی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم نے کہا کہ’ عمران خان صاحب کے بچوں کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی خبر مکمل طور پر غلط ہے، عمران خان صاحب نے ہرگز اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، میں ان میڈیا دوستوں سے درخواست کروں گا جو اڈیالہ سے رپورٹ کرتے ہیں کہ خان صاحب کی بات کو من و عن نشر کریں، باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر، یا اپنی مرضی سے پیش کرنا مناسب نہیں۔

ایک فالو اپ پوسٹ میں وقاص اکرم نے مزید کہا کہ’ کسی کو بھی اس بات پر شک نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کے بچے پاکستان آئیں گے، اب صرف تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے، اور سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ جب انہوں نے آنے کا فیصلہ کیا تو اپنے والد کو کہا کہ ہم اجازت نہیں مانگ رہے بلکہ اطلاع دے رہے ہیں، لہٰذا ایسی پروپیگنڈا باتوں سے گریز کریں، کیونکہ ان کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔’

اپنا تبصرہ بھیجیں