بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پسند کی شادی کرنے پر بھائیوں نے حاملہ بہن اور اُس کے شوہر کو قتل کر دیا۔
لیویز کے مطابق پنجگور کا رہائشی شعیب خان اپنی حاملہ بیوی اور بھائی کے ہمراہ کوئٹہ آرہے تھے، وہ مستونگ کے علاقے لکپاس نوشکی کراس کے قریب نجی ہوٹل میں تھے کہ مسلح افراد نے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
اطلاع ملنے پر لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال پہنچایا، لیویز نے بتایا کہ ’پنجگور کے علاقے چتکان کے محمد شعیب نے تقریباً سات سال قبل کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی رہائشی خاتون بے نظیر سے کورٹ میرج کی تھی۔
کچھ عرصہ قبل شعیب کا اپنے سسرال والوں سے راضی نامہ ہوگیا تھا، گزشتہ روز مقتولہ کے بھائیوں نے دونوں میاں بیوی کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا تھا۔
مقتولین کوئٹہ کے لیے نکلے، راستے میں رات ہونے پر لکپاس کے قریب ایک ہوٹل میں رات گزاری۔
صبح مقتولہ کے بھائیوں نے ٹیلی فون کرکے اُن کی لوکیشن معلوم کی اور وہاں پہنچ کر دونوں میاں بیوی کو قتل کردیا۔
ملزمان فائرنگ کرنےکے بعد فرار ہوگئے۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔