حکومت پنجاب کا ریلوے کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنیکا فیصلہ

لاہور:حکومت پنجاب نے پاکستان ریلویز کے اشتراک سے گرین کوریڈور منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرین کوریڈور منصوبے کے تحت 40 کلومیٹر ایریا میں 700 کنال رقبہ پر گرین بیلٹس بنائی جائیں گی، شاہدرہ سے رائیونڈ کے درمیان ریلوے ٹریک سے منسلک ایریا کو گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔

تقریباً سوا دو ارب لاگت کا گرین کوریڈور منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ریلوے کی پرانی بوگیوں میں لائبریریاں اور کیفیز بھی بنائے جائیں گے۔

منصوبے کو کل چار پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے پیکج میں شاہدرہ سے ریلوے اسٹیشن، دوسرے میں والٹن تک کام مکمل کیا جائے گا جبکہ تیسرے پیکج میں والٹن سے کوٹ لکھپت اور چوتھے میں رائیونڈ تک مکمل کیا جائے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے منصوبے کا PC-1 محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوا دیا، منصوبے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی میں بھی مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے سے تعاون پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں