وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے گلگت پہنچ گئے۔
ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ گلگت پہنچنے پر وزیر اعلیٰ گلبر خان اور گورنر جی بی سید مہدی شاہ نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگر بھی گلگلت بلتستان پہنچے ہیں۔
فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ متعلقہ ادارے وزیراعظم شہبازشریف کو سیلاب سے تباہی پر بریفنگ دیں گے.ترجمان جی بی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کریں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ مون سون بارشوں نے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے اور بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
ضلع دیامر، گلگت اور غذر میں ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، 21 جولائی کو شاہراہ بابوسر پر ریلہ کئی سیاحوں کو بہا لے گیا تھا، اب تک 10 سے زائد افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔