بجلی کے بِل اس قدر زیادہ آرہے ہیں کہ کسی کو بھی دل کا دورہ پڑسکتا ہے، نبیل ظفر

پاکستان شوبز کے اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر نبیل ظفر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے ناقابل برداشت بلوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نبیل ظفر نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے موجودہ بل اتنے زیادہ ہیں کہ انہیں دیکھ کر کسی کو بھی دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنے گھر میں اضافی لائٹس یا پنکھا چلتا دیکھ کر فوراً انہیں بند کرنے کی تاکید کرتے ہیں، کیونکہ وہ بجلی کے بلوں سے سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب انہیں لگتا ہے جیسے اُن کے والد کی روح اُن کے اندر آ گئی ہے، کیونکہ وہ اکثر یہی کہتے ہیں کہ “بل بہت آئے گا بھائی”۔

اداکار نے بتایا کہ مہنگائی کی اس صورتحال سے تنگ آ کر انہوں نے گھر میں سولر سسٹم نصب کروا لیا ہے، لیکن جب کراچی میں بادل آتے ہیں تو سولر سسٹم ٹھیک سے کام نہیں کرتا۔

نبیل ظفر نے حالیہ دنوں کراچی میں بادلوں کی موجودگی پر بات کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ دل ہی دل میں بادلوں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ یا تو برس جاؤ یا شہر چھوڑ دو تاکہ سولر چل جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں