وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کی مدد قومی فریضہ ہے، اور امداد کے بعد بحالی کے کام فوراً شروع کیے جائیں۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے ضلع غذر سمیت متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے ندی نالوں، دریاؤں اور قدرتی گزرگاہوں کے گرد غیرقانونی تعمیرات روکنے کے لیے قومی مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم نے دریائے سندھ، ستلج اور دیگر مقامات پر سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے گلوف کی بروقت اطلاع دینے پر غذر کے وصیت خان کو خراجِ تحسین پیش کیا جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکا۔