لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے سانپ کے کاٹنے کی ویکسین فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ستلج سمیت دیگر دریاؤں میں طغیانی کی مانیٹرنگ بڑھانے، ندی نالوں کے قریب آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بروقت انخلا کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات دی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے عارضی رہائش، کھانے پینے، اور علاج معالجے کے انتظامات میں کوئی کمی نہ کی جائے۔
انہوں نے قصور، پاکپتن، تونسہ اور دیگر حساس علاقوں میں انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم بھی دیا۔