اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کی بروقت اطلاع دے کر 300 افراد کی جانیں بچانے والے تین نوجوانوں — وصیت خان، انصار اور محمد خان — کو وزیراعظم ہاؤس میں مدعو کیا اور انہیں قومی ہیرو قرار دیا۔
وزیراعظم نے تینوں ہیروز کو 25، 25 لاکھ روپے کے انعامی چیک اور اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ ملاقات کے دوران قومی ہیروز نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ گاؤں سے چار گھنٹے کے فاصلے پر تھے لیکن موبائل فون کے ذریعے بروقت اطلاع دے کر لوگوں کو الرٹ کر دیا، جس سے بڑی تباہی ٹل گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان نوجوانوں نے احساسِ ذمہ داری کے تحت انسانیت کی جو خدمت انجام دی، وہ ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے جلد گلگت بلتستان کے دورے کا اعلان بھی کیا تاکہ ان ہیروز کو مقامی سطح پر بھی سراہا جا سکے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
“وصیت خان، انصار اور محمد خان نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔”