وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مالیاتی انقلاب کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ‘ڈیجیٹل والٹ’ کا قیام ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو نہ صرف شفافیت کو یقینی بنائے گا بلکہ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل بھی ٹھوکے گا!
اسلام آباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل والٹس اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ نظام صرف مالی امداد نہیں بلکہ معاشی خودمختاری کی طرف پہلا قدم ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پروگرام چیئرمین، سینیٹر روبینہ خالد، اور متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہی وہ وژن ہے جو محترمہ بینظیر بھٹو شہید چھوڑ کر گئی تھیں — آج ان کی روح کو سکون ملا ہوگا!”
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران پہلی بار بی آئی ایس پی مستحقین کو ڈیجیٹل طریقے سے رقوم فراہم کی گئیں اور اب یہ نظام مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔ “ڈیجیٹل والٹ صرف سہولت نہیں، بلکہ کرپشن کے خلاف ہتھیار ہے۔ وقت بچے گا، کام تیز ہوگا، اور کرپشن کا گلا گھونٹا جائے گا!”
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو جلد از جلد کیش لیس اکانومی کی طرف لے جانا دورِ حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے، اور یہی وہ تبدیلی ہے جو پاکستان کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرے گی۔