پاکستانی اداکار عمران عباس کا سابق اداکار ببرک شاہ کی جانب سے تنقید پر ذو معنی ردعمل سامنے آگیا۔
کچھ روز قبل ماضی کے سابق اداکار ببرک شاہ نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی تھی جس دوران میزبان کی جانب سے ببرک شاہ کو مختلف اداکاروں کے نام دے کر انہیں ریٹنگ کرنے کا کہا گیا تھا۔
عمران عباس کے حوالے سے دی گئی رائے میں ببرک شاہ نے کہا تھا کہ‘ عمران فلموں کیلئے موزوں نہیں، وہ ہیرو نہیں لگتے، اصل میں وہ ایک آدمی جیسے بھی نہیں دکھتے‘ ۔
عمران عباس کا ردعمل
ببرک شاہ کے بیان پر عمران عباس کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران عمران عباس نے ببرک شاہ کا نام لیے بغیر ان کے بیان پر ردعمل دیا۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ ’مجھے مجھ سے نفرت کرنے والے کسی بھی انسان کی رائے کی پرواہ نہیں کیوں کہ اللہ مجھے میری اوقات سے بڑھ کر کامیابیوں سے نواز رہا ہے، یہ نفرت ایک پیکج کا حصہ ہے، ان لوگوں کی طرف سے جو اپنی زندگیوں میں کامیابیوں سے محروم رہ جاتے ہیں‘۔
ببرک شاہ نے فواد خان کو اوور ریٹڈ قرار دے دیا
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘ ایسے لوگ جو سوشل میڈیا پر کسی کیلئے نفرت انگیز تبصرے کرتے ہیں ان کی اپنی عام سی پروفائل میں کوئی کامیابی شامل نہیں ہوتی، اگر آپ ان کے بیک گراؤنڈ پر نظر ڈالیں تو آپ کو سمجھ آتا ہے کہ ان کا درد ان کی نفرت میں تبدیل ہوگیا‘۔
عمران عباس نے مزید کہا کہ ’ پروفیشنلی بھی وہ لوگ جو اپنی زندگی میں کسی محرومی کا شکار ہوں یا پیچھے رہ گئے ہوں یہی لوگ دوسروں کو بھی پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے لوگوں پر سوائے ترس کھانے کے کچھ نہیں کیا جاسکتا، اللہ ایسے لوگوں کو ہدایت دے کیوں کہ ہم ایسے لوگوں کیلئے صرف رہنمائی کی دعا ہی کرسکتے ہیں‘ ۔