بھارت کے عالمی شہرت یافتہ پلے بیک سنگر سونُو نگم نے پاکستان کے لیجنڈری گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں اپنا محسن قرار دیا۔
بھارتی گلوکار سونُو نگم نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کے کیریئر کی پہلی بڑی کامیابی اُس وقت ملی جب انھوں نے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا مشہور زمانہ گانا “اچھا صلہ دیا تُو نے میرے پیار کا” گایا۔
سونو نگم نے مزید کہا کہ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے اس گانے نے نہ صرف پورے بھارت میں میری آواز کو پہنچایا بلکہ میرے لیے کامیابی کے دروازے بھی کھول دیئے۔
سونُو نگم نے جذباتی انداز میں کہا کہ عطاء اللہ صاحب ایک عظیم انسان ہیں اور میری زندگی میں ان کی بہت اہمیت ہے۔ جب میں نے ان کا گانا گایا، تو وہ خود مجھے فون کر کے کہنے لگے، ’مسٹر سونُو، میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی پاکستان سے بات کر رہا ہوں، آپ نے میرا گانا بہت اچھا گایا ہے۔
گلوکار سونونگم نے مزید بتایا کہ اُس وقت میری عمر صرف انیس سال تھی۔ یہ میرے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا یہ گانا میرے کیریئر کا اصل ٹرننگ پوائنٹ تھا۔
سونُو نگم کے اس انکشاف نے نہ صرف ان کے مداحوں کو حیران کر دیا بلکہ پاکستانی گلوکار کے مداح بھی اس بات پر فخر محسوس کر رہے ہیں کہ ایک بھارتی سپر اسٹار نے اپنی کامیابی کا سہرا ایک پاکستانی لیجنڈ کو دیا۔